17/06/2026
ڈائریکٹر سمائل گروپ آف سکولز اینڈ کالجز سر بلال احمد نے حافظ محمد بشارت کے ہمراہ وزیر مملکت برائے تعلیم مس وجیہہ قمر سے ملاقات، تعلیمی اصلاحات، نجی تعلیمی اداروں کے مسائل اور آؤٹ آف اسکول بچوں کی تعلیم پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت **مس وجیہہ قمر** نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے ملک میں تعلیم کے فروغ، معیارِ تعلیم کی بہتری اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت نجی تعلیمی شعبے کو درپیش مسائل کے حل اور تعلیمی اصلاحات کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ اور صدر پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی حافظ محمد بشارت کی قیادت میں پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر فار ایجوکیشن عظیم خان گولڑہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملک بالخصوص اسلام آباد کے تعلیمی نظام، نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، تعلیمی اصلاحات، سمر کیمپ پروگرامز اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو دوبارہ تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے وزیر مملکت مس وجیہہ قمر کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اسلام آباد کے وفاقی تعلیمی اداروں میں سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت دینے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور بڑی تعداد میں ایسے بچوں کو تعلیمی ماحول سے روشناس ہونے اور دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر اسکولوں سے باہر تھے۔
اس موقع پر حافظ محمد بشارت نے اسلام آباد میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے چیئرمین کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ نجی تعلیمی اداروں کے انتظامی، قانونی اور تعلیمی مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقل قیادت نہ ہونے کے باعث متعدد معاملات تاخیر کا شکار رہتے ہیں جس سے تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ اسکے علاوہ وفاقی تعلیمی بورڈ کے حوالے سے اہم معاملات بھی زیر غور آئے ۔
ملاقات کے دوران تعلیمی اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن کے ذریعے معیاری تعلیم کو عام کیا جا سکے اور ملک میں تعلیم سے محروم بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ آؤٹ آف اسکول بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے مختلف زونز کے عہدیداران بھی شامل تھے، جن میں راجہ خالد، عدنان عزیز، راؤ کلیم اللہ، سردار مظہر اقبال، ارشد ارائیں ، محمد بلال اور دیگر معزز اراکین شامل تھے۔
وزیر مملکت مس وجیہہ قمر نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کے فروغ اور ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نجی تعلیمی شعبے کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری اور درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر وفد کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نجی اور سرکاری تعلیمی شعبوں کے درمیان بہتر روابط اور تعاون کے ذریعے تعلیمی ترقی، معیارِ تعلیم میں بہتری اور ہر بچے تک تعلیم کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔