01/05/2026
قومی یکجہتی اور انسدادِ انتہا پسندی پر سیمینار منعقد
پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام مارچ تا مئی 2026 کی تقریبات کے سلسلے میں ایک اہم قومی سیمینار دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور میں منعقد ہوا۔ سیمینار کا موضوع “فکر اقبال اور عصر حاضر کے تقاضے: قومی یکجہتی، امن اور انسدادِ انتہا پسندی” تھا۔
تقریب کی سرپرستی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کی۔ سیمینار صدر شعبہ ادیانِ عالم و بین المذاہب ہم آہنگی و فوکل پرسن تقریبات ڈاکٹر سجیلہ کوثر کی نگرانی میں منعقد ہوا، جبکہ مقررِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر روزینہ انجم، سابق صدر شعبہ فارسی زبان و ادب تھیں۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر زوہیب احمد، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی نے ادا کیے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت شعبہ کے بی ایس کے طالب علم محمد ریاض نے حاصل کی۔جبکہ ہدیہ نعت شعبہ کے پی ایچ ڈی طالب علم محمد یاسر گورداسپوری نے پیش کیا۔ڈاکٹر سجیلہ کوثر نے حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے سپاس نامہ پیش کیا اور کہا کہ ایسے علمی و فکری اجتماعات نہ صرف طلبہ و اساتذہ کی فکری تربیت کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
مقررِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر روزینہ انجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ فکرِ اقبال ہمیں خودی، اتحاد اور مثبت عمل کا درس دیتی ہے، جس کی روشنی میں ہم عصر حاضر کے چیلنجز، خصوصاً انتہا پسندی، کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تحقیق، مکالمے اور برداشت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ ایک پرامن اور مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کہا کہ قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، اور جامعات کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے یہ اظہار بھی کیا کہ ایسے پروگرامز کے تسلسل سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ علمی و فکری سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے میں امن، برداشت اور یکجہتی کو فروغ دیا جاتا رہے گا۔