20/05/2026
چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال تیمرگرہ اور پرنسپل تیمرگرہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید الابرار لخکرخان نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال تیمرگرہ میں معدہ اور جگر کے امراض کے لیے قائم خصوصی وارڈ کا افتتاح کر دیا۔15بستروں پر مشتمل اس جدید وارڈ میں مریضوں کو معدہ،جگر اور نظامِ انہضام سے متعلق بیماریوں کے علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر سید الابرار لخکرخان نے کہا کہ نئے وارڈ کے قیام سے علاقے کے عوام کو جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی اور انہیں بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ وارڈ میں جدید انڈوسکوپی سہولت متعارف کرائی گئی ہے جہاں کیمرے کے ذریعے مریضوں کا معائنہ اور علاج ممکن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔