08/10/2023
لاہور:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ( Allama Iqbal Open University ) کے سمسٹر بہار 2023ء کے ایسوسی ایٹ ڈگری(آرٹس، کامرس، ایجوکیشن)بی بی اے، بی ایس اور بی ایڈ پروگراموں کے فائنل امتحانات ملک بھر میں ایک ساتھ 16اکتوبر سے شروع کیے جائیں گے اور15۔دسمبر کو اختتام ہوگا۔
امیدواران ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اور رول نمبر سلپس طلبہ کے سی ایم ایس پورٹلز پراپ لوڈ کردی گئی ہیں۔ متعلقہ طلباء و طالبات کو بذریعہ موبائیل ایس ایم ایس بھی اطلاع دے دی گئی ہے.
قائم مقام وائس چانسلرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خصوصی ہدایت پرطلبہ کورہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر سہولت فراہم کرنے کے لئے ملک بھر میں علاقائی سطح پر سینکڑوں امتحانی مراکز قائم کردئیے گئے ہیں۔ وائس چانسلرکی مزید ہدایت کے مطابق امتحانات میں نقل کےرجحان کےخاتمے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، موبائیل انسپکٹرز اور ریجنل ڈائریکٹرز دوران امتحانات، امتحانی مراکز کے دورے کریں گے جو طلبہ کے رول نمبر سلپس، شناختی کارڈز چیک کریں گے۔