24/09/2026
جامعہ سندھ میں پہلا ماروی گرلز ہاسٹل انٹرپرینرشپ میلہ منعقد، طالبات کی جانب سے مختلف اسٹال قائم، وائس چانسلر نے افتتاح کیا: اس قسم کے میلے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں اور ان میں خوداعتمادی پیدا کرتے ہیں: ڈاکٹر فتح محمد مری
جامشورو(پریس رلیز) جامعہ سندھ کے آفس آف دی ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) کی جانب سے بیورو آف اسٹیگس کے تعاون سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چیئر اینڈ کنونشن سینٹر میں پہلا ماروی گرلز ہاسٹل انٹرپرینرشپ میلہ منعقد کیا گیا، جس کا افتتاح شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کیا۔ افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر اورک اور پرووسٹ ماروی گرلز ہاسٹل ڈاکٹر فرحت نورین، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس اجوید احمد بھٹی اور ڈائریکٹر شہید محترمہ بینظیر بھٹو چیئر اینڈ کنونشن سینٹر ڈاکٹر ریحانہ ملاح بھی موجود تھے۔ اس میلے میں ماروی گرلز ہاسٹل میں مقیم طالبات کی جانب سے دیسی کھانوں، فروٹ چاٹ، چھولا چاٹ مصالحوں، میکرونی، گول گپوں، چائے، کافی، شربتوں، ہاتھ کے ہنر کی اشیاء، کپڑوں، برقی آلات، کڑھائی والے ملبوسات، چادروں، کتابوں، زیورات، میک اپ کے سامان سمیت مختلف اشیاء کے رعایتی اسٹال لگائے گئے تھے۔ کاروباری صلاحیتیں بڑھانے والے اس ایک روزہ میلے میں جامعہ سندھ کے طلبہ کی بڑی تعداد نے شریک ہو کر اسٹالوں سے اشیائے خورد و نوش اور دیگر چیزیں خریدیں۔ افتتاح کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے تمام اسٹالوں کا دورہ کیا اور وہاں رکھی اشیاء کو دلچسپی سے دیکھا اور طالبات کی کوشش کی تعریف کرتے ہوئے، انہیں حوصلہ دیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اس قسم کے میلے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں اور ان میں خوداعتمادی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہاسٹلوں میں رہنے والے طلبہ اور طالبات کو رہائش کی بہتر سہولیات کے ساتھ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے لیے بھی زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مواقع فراہم کریں تاکہ وہ تفریح کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بھی ظاہر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماروی گرلز ہاسٹل میں رہنے والی طالبات کی جانب سے جس محنت، دلچسپی اور سلیقے کے ساتھ اس میلے میں اسٹال قائم کیے گئے ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان میں بہترین کاروباری صلاحیتیں موجود ہیں، صرف انہیں رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس قسم کے میلے نہ صرف طلبہ میں بہترین کاروباری سوچ پیدا کرتے ہیں بلکہ اشیاء تیار کرنے، انہیں فروخت کے لیے رکھنے، ان سے منافع حاصل کرنے اور خریداروں سے بات چیت کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہوتا ہے اور انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اشیاء مارکیٹ میں کیسے متعارف کرائی جائیں اور انہیں دوسروں سے کیسے بہتر بنایا جائے۔ اس سے ان کا اعتماد بڑھتا ہے۔ وائس چانسلر نے اورک اور بیورو آف اسٹیگس کے ڈائریکٹروں کی مشترکہ کوشش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ میلہ طلبہ کی کاروباری صلاحیتیں، دلچسپی اور خوداعتمادی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر اورک کی ڈائریکٹر اور مارئی گرلز ہاسٹل کی پرووسٹ ڈاکٹر فرحت نورین اور ڈائریکٹر اسٹیگس اجوید احمد بھٹی نے وائس چانسلر کو میلے میں قائم اسٹالوں کے بارے میں آگاہی دی اور ان کی شرکت اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کیا۔ اس میلے میں ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس پروفیسر ڈاکٹر نانک رام، ڈین فیکلٹی آف لا ڈاکٹر سردار علی شاہ لکیاری، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سندھالوجی ڈاکٹر فیاض لطیف، پرووسٹ بوائز ہاسٹلز ڈاکٹر پنہل لاشاری، چیئرمین سندھ یونیورسٹی کالونی ڈاکٹر مظہر علی عباسی، مئنیجر اورک سید اکبر علی شاہ سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران ڈاکٹر محمد حسن اگهیم، ڈاکٹر اصغر علی ڈاہر ہکڑو، ڈاکٹر محمد یونس لغاری، ڈاکٹر بارادی وریانی، ڈاکٹر امبرین زیب خاصخیلی و دیگر نے شرکت کی۔