11/05/2026
9مئی بروز ہفتہ، حلقۂ بزمِ مشاعرہ کے زیرِ اہتمام “معرکۂ بنیانِ مرصوص” کے حوالے سے ایک آن لائن بین الجماعتی محفلِ تحت اللفظ و ترنم کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے وطنِ عزیز سے محبت اور افواجِ پاکستان کی عظمت پر نہایت مؤثر نظمیں پیش کیں۔
پروگرام کے دوران “بنیانِ مرصوص” کے حوالے سے ایک معلوماتی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ طالبات نے ترنم کے ساتھ ملی نغمے بھی پیش کیے، جنہوں نے تقریب کے جذبۂ حب الوطنی اور ولولے کو مزید مہمیز دی۔
اس موقع پر صدرِ شعبۂ اردو، محترمہ ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے خصوصی شرکت فرمائی۔ پروگرام کے اختتام پر انچارج بزمِ مشاعرہ، ڈاکٹر شازیہ رزاق نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی صا حبہ کا شکریہ ادا کیا جن کی ادب دوستی نے ہمیشہ ایسی ادبی و تخلیقی تقریبات کے انعقاد کو ممکن بنانے میں بھر پور مدد کی ۔ انھوں نے طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُن کی حوصلہ افزائی کی اور وطنِ عزیز کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔