30/04/2026
یونیورسٹی آف لکی مروت کی تاریخ میں پہلی بار طلبہ، فیکلٹی اور انتظامی امور سے متعلق مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے۔
آن لائن کھلی کچہری میں یونیورسٹی کے اہم انتظامی و تدریسی عہدیداران، جن میں ڈپٹی رجسٹرار ڈاکٹر مہد جہانگیر، ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر ظاہر شاہ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر میر احمد خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر کفایت اللہ، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر انجینئر محمد شعیب، کوآرڈینیٹر ٹاؤن کیمپس فصیح الدین، ڈپٹی ٹریژرر محمد بلال آفریدی اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پولیٹیکل سائنس ڈاکٹر وسیم اللہ شامل تھے، کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے تدریسی و نان تدریسی سٹاف، طلبہ اور عام شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ای کچہری میں شرکت کے لیے گوگل میٹ کا لنک اور کیو آر کوڈ دو دن قبل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ اور آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کیا گیا تھا۔
یہ اقدام وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی خصوصی ہدایات کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد ادارے میں شفافیت، جوابدہی اور براہِ راست رابطے کو فروغ دینا تھا۔
کھلی کچہری میں نہ صرف لکی مروت بلکہ لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے بھی طلبہ اور متعلقہ افراد نے آن لائن شرکت کی اور وائس چانسلر کو نہ صرف تجاویز پیش کیں، بلکہ پچھلے ایک سال سے یونیورسٹی میں اٹھائے جانے والے مثبت اقدامات پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ طلبہ نے تدریسی سہولیات، امتحانی نظام، ہاسٹل اور دیگر تعلیمی امور سے متعلق مسائل پیش کیے، جبکہ فیکلٹی اور سٹاف نے انتظامی و پیشہ ورانہ امور پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر نے تمام مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ اور سٹاف کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور کھلی کچہریاں اس سلسلے میں ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے میں میرٹ، شفافیت اور معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔
شرکاء نے اس اقدام کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فورمز کے ذریعے ان کے مسائل سنے اور حل کیے جاتے رہیں گے۔