28/10/2025
گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بن حافظ جی میں پروقار تقریب کا انعقاد
چگدہ (بن حافظ جی): جمعرات 23 اکتوبر 2025 کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بن حافظ جی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے کثیر المقاصد اہداف تھے، جن میں کالج میں نئے تعینات ہونے والے کالج ٹیچنگ انٹرنز (CTIs) کو خوش آمدید کہنا، سال اول کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کرنا، اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کی حوصلہ افزائی کرنا شامل تھا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز سیکنڈ ایئر کے طالب علم عبدالرحمٰن کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد فرسٹ ایئر کے طالب علم محمد عثمان نے نعتِ رسول مقبول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
تقریب کا مرکزی نقطہ ہونہار طلباء کی شاندار کامیابیوں کو سراہنا تھا۔
آئی سی ایس کے طالب علم حفیظ اللہ خان کو ان کی غیر معمولی کارکردگی پر خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ حفیظ اللہ خان نے نہ صرف کالج میں پہلی پوزیشن حاصل کی، بلکہ علاقہ تھانہ چکڑالہ و تھانہ لاوہ کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں (بوائز) اور ضلع میانوالی کے تمام گورنمنٹ بوائز کالجز میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
کالج سٹاف کی جانب سے انہیں 10,000 روپے نقد انعام دیا گیا۔ اس کے علاوہ، گورنمنٹ ہائی سکول ڈھبہ کرسیال کے ہیڈ ماسٹر جناب رضا محمد خان صاحب نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 5,000 روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔
ایف اے گروپ کے طالب علم سلیم اقبال کو بھی ان کی نمایاں کامیابی پر نقد انعامات دیے گئے۔ سلیم اقبال نے علاقہ تھانہ چکڑالہ و تھانہ لاوہ کے بوائز تعلیمی اداروں اور ضلع میانوالی کے تمام گورنمنٹ بوائز کالجز کے ایف اے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب میں قریبی گورنمنٹ ہائی سکولز کے سربراہان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ گورنمنٹ ہائی سکول ڈھوک علی خان کے ہیڈ ماسٹر جناب حق نواز صاحب نے طلباء سے خطاب کیا اور ان کی کامیابیوں کو سراہا۔
پرنسپل ادارہ ہذا، جناب پروفیسر محسن غنی نے اپنے خطاب میں تمام طلباء کو مزید دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے اور دن رات محنت کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ سالوں کے نتائج ان شاءاللہ گورنمنٹ کالج بن حافظ جی کے لیے مزید نمایاں کامیابیوں کا پیغام لے کر آئیں گے۔
انہوں نے رواں برس کی کامیاب ترین داخلہ مہم اور گزشتہ دس برس کے ریکارڈ داخلے کرنے پر تمام ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی محنت کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
معزز مہمانان اور گورنمنٹ سکولز کے سربراہان نے ادارے کی شاندار کامیابی پر اپنی خوشی و اطمینان کا اظہار کیا اور پرنسپل جناب محسن غنی سمیت تمام ٹیچنگ سٹاف کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ گورنمنٹ کالج بن حافظ جی ان شاءاللہ علاقہ کے طلباء کو بہترین معیار کی اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کی اپنی خدمات کو نہ صرف جاری رکھے گا بلکہ مستقبل میں ضلع بھر کا ایک مثالی ادارہ بن کر ابھرے گا۔
تقریب کے بعد معزز مہمانوں کے لیے پُرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔
GC Ban Hafiz Jee
Per Ardua Ad Astra
Though Struggle, to the Stars!