03/01/2026
*میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان*
ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری کی اسلام آباد راولپنڈی کے ایم دینی مدارس کے اجتماعات میں شرکت،سینکڑوں حفاظ کی دستار بندی
اسلام آباد(2 جنوری 2026ء)المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری نے اسلام آبادراولپنڈی کے مختلف دینی مراکز میں منعقدہ عظیم الشان اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس دینیہ اسلام کے قلعے اور قرآن و سنت کے امین ہیں، جو اپنی مدد آپ کے تحت قوم کے لاکھوں بچوں کی دینی، اخلاقی اور تعلیمی کفالت کر رہے ہیں۔
مولانا محمد حنیف جالندھری نے
محمدی مسجد شہزاد ٹاؤن اسلام آباد، جامع مسجد سردار بیگم بہارہ کہو، جامعہ اصحابِ صفہ سیٹلائٹ ٹاؤن اور جامعہ رشیدیہ ڈھوک حسو راولپنڈی میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام رواں سال ایک لاکھ سولہ ہزار (116,000) خوش نصیب بچوں نے قرآنِ کریم کا حفظ مکمل کیا، جو ایک تاریخی اور قابلِ فخر سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کی دینی، تعلیمی اور اصلاحی خدمات آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں، اور یہ ادارے نہ صرف قرآن و حدیث کی حفاظت کر رہے ہیں بلکہ معاشرے کو باکردار، باعمل اور ذمہ دار افراد فراہم کر رہے ہیں۔
تقریبات کے دوران مولانا محمد حنیف جالندھری نے سینکڑوں حفاظِ کرام کی دستار بندی کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ان اجتماعات میں نائب صدر وفاق مولانا سعید یوسف خان،ناظم وفاق المدارس پنجاب مولانا مفتی عبدالرحمن کے علاوہ
مولانا احمد حنیف جالندھری،مولانا قاضی مشتاق،مولانا سیف اللہ سیفی،مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن،مولانا فخر الاسلام عباسی،مولانا عبدالقدوس محمدی،مولانا صلاح الدین،
مولانا مفتی عمران
اور دیگر جید علماء کرام بھی شریک تھے۔
علماء کرام نے اپنے خطابات میں دینی مدارس کے خلاف پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ ملک میں امن، رواداری، اخلاق اور دینی تشخص کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریبات کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، استحکام، دینی ترقی اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔