18/06/2026
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز مظفر گڑھ پروفیسر عبدالرحمن کھاکھی کا گورنمنٹ گریجویٹ کالج مظفر گڑھ میں قائم امتحانی سنٹر کا دورہ
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز مظفر گڑھ پروفیسر عبدالرحمٰن کھاکھی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج مظفر گڑھ میں قائم سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں امتحانی و انتظامی امور، نظم و ضبط اور طلبہ کو فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سنٹر میں انھیں جاری سرگرمیوں اور سیکیورٹی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گیئ۔پروفیسر عبدالرحمٰن کھاکھی نے سنٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور عملے کی حاضری سمیت صفائی ستھرائی کے انتظامات کو چیک کیا۔ انہوں نے سنٹر میں موجود طلبہ سے بھی بات چیت کی اور ان سے انتظامی امور اور امتحانی سہولیات کے حوالے سے فیڈ بیک لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عبدالرحمٰن کھاکھی کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات کے مطابق امتحانات میں بوٹی مافیا اور نقل کے خاتمے کے لیے "زیرو ٹالرنس" پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی عمل میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی سطح پر نقل کی سرپرستی یا غفلت کرنے والے عملے کے خلاف سخت ترین قانونی و تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پروفیسر عبدالرحمٰن کھاکھی نے مزید کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج مظفر گڑھ ضلع کا ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے اور یہاں قائم سنٹر میں شفافیت کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو تاکید کی کہ موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کے لیے پینے کے صاف و ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور بجلی کا متبادل نظام (یو پی ایس یا جنریٹر) ہر صورت فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی طالب علم کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے سنٹر پر میرٹ کی بالادستی اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اور امتحانی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔
Rana Sikandar Hayat Muhammad Ajmal Chandia Department of Political Science-GCBM