19/06/2026
آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کا شاندار افتتاح اسلامیہ کالج پشاور میں
پشاور (سپورٹس رپورٹر) اسلامیہ کالج پشاور کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب اسلامیہ کالج پشاور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ضیاء الحق (ستارۂ امتیاز) تھے۔
اس موقع پر جی ڈی سپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن رضوان شوکت اسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس محمد آصف ایچ آئ سی معروف شاعر و ادیب پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی براق بلڈرز کے مالک علی حیدر بابا خیل ڈائریکٹر سپورٹس اسلامیہ کالج پشاور علی ھوتی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر و کمپیئرنگ آفیسر افغان بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ اسلامیہ کالج پشاور نے ہمیشہ کھیلوں کے میدان میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے اور ملک کو متعدد نامور کھلاڑی دیے ہیں۔ انہوں نے پاکستان بھر سے آنے والی تمام یونیورسٹیوں کی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ویمن فٹبال کے فروغ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کے تناظر میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی ٹیلنٹ ہنٹنگ کی جائے گی اور منتخب کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے اسکالرشپ بھی فراہم کی جائے گی۔ مزید برآں کوچز اور منیجرز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بائیومکینکس، نیوٹریشن، سپورٹس انجری، سپورٹس سائیکالوجی اور جدید تکنیکی امور پر خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
جی ڈی سپورٹس رضوان شوکت نے کہا کہ مختلف یونیورسٹیوں سے آنے والی کھلاڑیاں پشاور میں ٹورنامنٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہیں اور وہ یہاں کی مہمان نوازی کی خوبصورت یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گی۔
پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی نے کہا کہ اسلامیہ کالج پشاور اس خطے کی علمی، ثقافتی اور کھیلوں کی بہترین نمائندگی کر رہا ہے۔
ڈائریکٹر سپورٹس علی ہوتی نے خطاب کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن، تمام شریک یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹرز سپورٹس، کوچز، والدین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعتماد اسلامیہ کالج پشاور کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی اور پشاور بورڈ کے چیئرمین خدا بخش ڈائریکٹر سپورٹس منظر کابھی خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔
تقریب کے اختتام پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء الحق، سابق ایڈمنسٹریٹر انور حسین افسر افعان اور ڈاکٹر اباسین یوسفزئی علی حیدر بابا خیل کو روایتی پگڑیاں پہنائی گئیں۔
چیمپئن شپ میں ملک کی ممتاز جامعات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں لاھور کالج فار ویمن یونیورسٹی سپیرئیر یونیورسٹی ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد یو ایم ٹی لاھور یونیورسٹی آف لاھور گیر یزن یونیورسٹی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاھور پنجاب یونیورسٹی لاہور شامل ہیں۔
شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ چیمپئن شپ نہ صرف خواتین فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ قومی سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔