28/11/2025
**اُڑان نیشنل ڈیبیٹ مقابلہ: فاٹا یونیورسٹی کی تاریخی جیت
پاکستان راؤنڈ میں پہلی پوزیشن، بہترین مقرر کا اعزاز اور ایک لاکھ روپے انعام**
فاٹا یونیورسٹی نے وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے زیرِ اہتمام منعقدہ "اُڑان نیشنل ڈیبیٹ مقابلہ" میں شاندار کامیابی حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔ پاکستان راؤنڈ میں خیبر پختونخوا سے تنہا منتخب یونیورسٹی کی حیثیت سے شرکت کرنے والی فاٹا یونیورسٹی نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
مقابلے میں یونیورسٹی کے نمائندہ مقرر نے شاندار دلائل، بھرپور اعتماد اور مدلل اندازِ گفتگو سے ججز کو متاثر کرتے ہوئے "بہترین مقرر" کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
اعزازی اسناد کے ساتھ کامیاب طلبہ کو ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا گیا، جو طلبہ کی محنت اور ادارے کی علمی برتری کا قومی اعتراف ہے۔
یہ مقابلہ ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کورپس (YPDC) کے پلیٹ فارم سے منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کی متعدد یونیورسٹیوں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ فاٹا یونیورسٹی کے طلبہ کی دلیل، تیاری اور سنجیدہ مکالمے نے اس مقابلے میں انہیں منفرد مقام دلایا۔
فاٹا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے اس غیر معمولی کامیابی پر ڈیبیٹ ٹیم، طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا یونیورسٹی کے طلبہ نے ثابت کر دیا ہے کہ محنت، لگن اور وژن کے ساتھ کوئی بھی ہدف ناممکن نہیں۔ قومی سطح پر پہلی پوزیشن اور بہترین مقرر کے اعزاز نے نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے قبائلی خطے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ کامیابی فاٹا یونیورسٹی کے علمی معیار اور طلبہ کی اعلیٰ قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ادارہ مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔