31/08/2026
پریس ریلیز نمبر : SBBU/26-34
شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل اور محکمہ موسمیات پاکستان کے درمیان موسمیاتی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ۔
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شیرنگل کے درمیان ایک اہم مفاہمت نامہ (MoU) دستخط کیا گیا۔
اس مفاہمت نامے کا بنیادی مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا، موسم کی پیش گوئی کو بہتر بنانا اور آفات سے بچاؤ کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا ہے۔ اس معاہدے کے تحت محکمہ موسمیات کیجانب سے یونیورسٹی میں ایک جدید خودکار موسمیاتی مشاہداتی اسٹیشن (AWS) نصب کیا جائے گا۔اسٹیشن کے ذریعے بارش، درجہ حرارت اور دیگر موسمیاتی ڈیٹا کو حقیقی وقت (Real-time) میں اکٹھا کیا جائے گا اور اسے علاقے میں موسم کی پیش گوئی اور سیلاب سے بچاؤ کے انتباہات جاری کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انسٹالیشن اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاکستان محکمہ موسمیات کی ہوگی، جبکہ اسٹیشن کی سیکورٹی اور زمین کی حفاظت یونیورسٹی کے ذمے ہوگی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایم ڈی پشاور، جناب اعجاز احمد اور ڈائریکٹر ORIC شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، ڈاکٹر سجاد علی نے دستخط کیے۔ معاہدے کی گواہی کے طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فیصل اور ایس بی بی یو کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر جمعہ محمدنے بھی دستخط کیے۔
یہ معاہدہ نہ صرف یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ کے لیے ایک تحقیقی سہولت ثابت ہوگا بلکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں موسمیاتی الرٹ سسٹم کو بھی مزید مستحکم کرے گا۔
عوامی مفاد اور کمیونٹی کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے، دونوں اداروں نے اس تعاون کو مکمل طور پر غیر تجارتی بنیادوں پر جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔