27/03/2025
یونیورسٹی آف بلتستان میں بین الشعبہ نعتیہ مقابلہ، روحانی عقیدت کی شاندار محفل
اسکردو، یونیورسٹی آف بلتستان – بلتستان لٹریری سوسائٹی، شعبہ زبان و ثقافتی مطالعات، یونیورسٹی آف بلتستان کے زیر اہتمام ایک شاندار بین الشعبہ نعتیہ مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور اپنے عقیدت بھرے جذبات کا اظہار کیا۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس نے محفل کو نورانی ماحول عطا کیا۔ اس کے بعد بلتستان لٹریری سوسائٹی کے صدر، جناب محمد آصف جاوید نے معزز ججز، فیکلٹی ممبران، شرکاء اور سامعین کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے رمضان المبارک کی برکتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نہ صرف عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اظہار کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ ایمان اور روحانی عقیدت میں اضافے کا بھی سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقابلے کا بنیادی مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنی عقیدت کا اظہار کرنے کا ایک شاندار موقع فراہم کرنا ہے۔
مقابلے کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے انتہائی محبت اور عقیدت سے نعتیں پیش کیں، جن کی گونج نے سامعین کے دلوں میں عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی شمع مزید روشن کر دی۔ مقابلے کے ججز گلگت بلتستان کی مشہور وائس اکیڈمی سے مدعو کیے گئے تھے، جنہوں نے نہایت باریک بینی سے شرکاء کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
مہمانِ خصوصی، جناب ذیشان مہدی نے اس بابرکت محفل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی ادبی و روحانی سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت اور ایمان کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ادبی و مذہبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ایسا خوبصورت پلیٹ فارم فراہم کیا۔
پروگرام کے آخر میں شعبہ زبان و ثقافتی مطالعات کے پروفیسر عبد الرحمان میر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور منتظمین کی محنت کی تعریف کی۔
آخر میں ججز نے نتائج کا اعلان کیا اور پانچ بہترین نعت خواں طلبہ کو منتخب کیا، جو "سالانہ عید ملن پارٹی" کے موقع پر فائنل راؤنڈ میں حصہ لیں گے۔
یہ بابرکت مقابلہ عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم، روحانی عقیدت، اور ادبی خوبصورتی کا ایک بہترین امتزاج تھا، جو سامعین کے دلوں پر دیرپا نقوش چھوڑ گیا۔