06/09/2026
راجا بڈھے خاں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی ضلع بھمبر میں یومِ دفاع پاکستان، ریلی اور تقریب؛ شہداء کو خراجِ عقیدت
6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر سیز فائر لائن سماہنی جموں و کشمیر میں لاری اڈہ سماہنی سے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سردار محمد پرویز خان، سابق صدر کشمیر پریس کلب سماہنی مظہر حسین جعفری اور تاجر رہنما صداقت حسین ،راجہ نثار خان کلاتھ ہاؤس، ہیڈ ماسٹر ریٹائرڈ راجہ فاروق خان نے کی۔ریلی میں سرکاری سکول و کالج کے طلبہ، بلدیاتی نمائندگان، تاجران، سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ پاک فوج کے شہداء اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قومی ہیروز کے حق میں بھرپور نعرے بلند کیے گئے۔
گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی کے پرنسپل محمد ہارون خان اور سٹاف نے ریلی کا استقبال کیا اور اس میں چاہی روڈ سے شامل ہوئے۔ ریلی کے شرکاء راجہ بڈھے خان گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے احاطے میں پہنچے جہاں یومِ دفاع کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری نثار صاحب مینجر دربار بابا شادی شہید نے حاصل کی۔ اور نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت شاھد مقصود ہیڈ کلرک گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی نے پیش کیے۔ تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سردار محمد پرویز خان، ڈی ایس پی ریٹائرڈ منیر احمد، ممبر ضلع کونسل عکاس ندیم ایڈووکیٹ، چیئرمین چوھدری عبدالرحمن سدھو ،راجہ عتیق الرحمن بابر، صابر حسین، طاہر اقبال اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔اور پروفیسر محمد ہارون خان پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی نے پر جوش نعرے لگوائے ۔مقررین نے کہا کہ 1965ء میں دشمن پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم لے کر آیا تھا، تاہم پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جرأت، بہادری اور جذبۂ شہادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن کا دفاع کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ 6 ستمبر ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، تمام شہداء پوری قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔مقررین نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا لوہا پوری دنیا میں منوایا ہے۔ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی وطن کے محافظ جذبۂ حب الوطنی، جرأت اور عزم کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر قاری نثار احمد نے شہداء کے بلندیٔ درجات، پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔کیک کاٹا گیا مٹھائی تقسیم کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل آفس گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی میں پرنسپل صاحب کے ساتھ کامیاب ریلی /تقریب کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا گیا ۔