14/08/2026
جشن یوم آزادی 2026ء کی پروقار اور رنگا رنگ تقریب۔۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب کالج ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب سے قبل کالج لان میں کالج کے پرنسپل پروفیسر احسان الحق نے سبز ہلالی پرچم لہرایا اور ملکی تعمیر و ترقی، خوش حالی اور سالمیت کے لیے دعا کی گئی۔تقریب میں مختلف طلبا نے پاکستان، تحریک پاکستان اور تاریخ پاکستان کے حوالے سے تقاریر کے علاوہ ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کیے جنھوں نے ہال میں موجود تمام حاضرین کے دلوں کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار کر دیا۔پروفیسر راشد علی اور ہیڈ مسٹریس جونیئر سیکشن محترمہ ڈاکٹر نسرین بانو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروفیسر یاسر اقبال نے طلبا کے ساتھ مل کر " چلو یہ سوچیں ہم آج مل کے" پیش کرکے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔تقریب کے مہمان خصوصی کالج کے پرنسپل پروفیسر احسان الحق نے اپنے صدارتی خطبے میں "جذبہ حب الوطنی وقت کی اہم ترین ضرورت اور ہماری ذمے داریاں" کے موضوع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کے عوام اپنے وسائل ، قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر دنیا کے کسی ملک سے پیچھے نہیں۔لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری تمام تر توانائیوں کا محور و مرکز صرف اور صرف پاکستان ہونا چاہیے۔ اگر ہم سب اپنی اپنی ذمے داریوں کو خوش اسلوبی سے انجام دیں تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے۔نوجوان طلبہ ہمارے ملک کا سرمایہ، اثاثہ اور درخشاں مستقبل ہیں انھیں چاہیے کہ اپنے اردگرد پہ نظر رکھیں۔جب کہ ہم سب کی ذمے داری ہے کہ اپنی صفوں میں موجود ایسے عناصر کا قلع قمع کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں "جو ہمیں میں رہ کر ہمارے ہی گھر کو جلا رہے ہیں۔" اس سلسلے میں دفاع وطن کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔جس قوم کے عوام اور مسلح افواج ایک پیج پر آ جائیں، دنیا کی کوئی طاقت اس کے پرچم کو سرنگوں نہیں کر سکتی۔پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور قیامت تک یہ پھلتا پھولتا اور ترقی و خوش حالی کی منزلیں طے کرتا رہے گا۔۔ ان شاءاللہ۔۔
تقریب کے اختتام پر تمام بچوں میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی جب کہ اساتذہ اور دیگر سٹاف کے لیے مٹھائی اور دیگر مفرحات کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔۔