31/01/2025
#جامعہ کوہاٹ کے سابق پرو وائس چانسلر ڈاکٹر تسلیم حسین کے اعزاز میں تقریب، خراج تحسین پیش کیا گیا
کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کسٹ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تسلیم حسین کی ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب میں ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان، تدریسی و معاون عملے سمیت تمام فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی اور اپنے سینئر ساتھی کو عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا۔ اس دوران جامعہ کے مختلف مسائل، خصوصاً کنٹریکٹ فیکلٹی کی تنخواہوں اور دیگر انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ اسٹاف کی طرف سے وائس چانسلر کسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تسلیم حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا، "یہ جامعہ میرے لیے ایک خاندان کی مانند رہی ہے اور میرا اس سے ہمیشہ ایک مضبوط رشتہ رہا ہے۔ جب بھی میں یہاں آتا ہوں، آپ سب کی گرمجوشی اور محبت مجھے بے حد خوشی دیتی ہے۔ ادارے کی ترقی کے لیے اساتذہ اور عملے کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون نہایت ضروری ہے۔"
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصیر الدین نے جامعہ کے مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل، خاص طور پر کنٹریکٹ فیکلٹی کی تنخواہوں میں اضافے، انفراسٹرکچر کی بہتری اور تعلیمی ترقی کے حوالے سے جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا، "ہم یونیورسٹی کو ایک بہتر تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے مسلسل کوشش کر رہے ہیں اور اساتذہ کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔"
ڈاکٹر فرمان خان نے وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا، "پروفیسر ڈاکٹر نصیر الدین نے اساتذہ کے مسائل کے حل اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے مثبت رویہ اختیار کیا ہے۔ ان کی کوششوں سے امید ہے کہ جامعہ میں بہتری آئے گی۔" انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کو متحد رہنا چاہیے کیونکہ اجتماعی کوششیں اور باہمی تعاون کسی بھی تعلیمی ادارے کی ترقی اور کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں۔
تقریب کے آخر میں اساتذہ نے پروفیسر ڈاکٹر تسلیم حسین کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف پریس اینڈ پبلیکیشنز کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی