21/06/2026
پریس ریلیزمورخہ: 21 جون 2026
ینگ پروگریسیو فارماسسٹس بلوچستان
مورخہ 20 جون 2026 کو ینگ پروگریسیو فارماسسٹس بلوچستان کی کور کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر عصمت اللہ شاہ نے کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر سلطان شاہ، ڈاکٹر صفی اللہ کاکڑ، ڈاکٹر عبداللطیف سرپرہ، ڈاکٹر بصیر آغا، ڈاکٹر محبوب شاہوانی، ڈاکٹر علی اصغر سرپرہ، ڈاکٹر سجاد علی بلوچ، ڈاکٹر ممتاز، ڈاکٹر جمیل احمد اور ڈاکٹر عبدالجبار مگسی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ینگ پروگریسیو فارماسسٹس بلوچستان کی موجودہ اور سابقہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر جامع اور تعمیری گفتگو کی گئی۔
اجلاس کے دوران دسمبر 2025 میں ینگ پروگریسیو فارماسسٹس اور پروفیشنل پینل کے درمیان قائم ہونے والے اتحاد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ اتحاد فارماسسٹ برادری کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے درج ذیل اہم مقاصد کے حصول کے لیے تشکیل دیا گیا تھا:
فور ٹائر سروس اسٹرکچر کی نوٹیفکیشن کا اجراء۔
سروس رولز کو باہمی تعاون سے پایۂ تکمیل تک پہنچانا۔
ورکنگ پیپرز اور دیگر انتظامی امور میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ۔
خوش آئند امر یہ ہے کہ مذکورہ تمام اہداف کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیے گئے ہیں۔
شرکائے اجلاس نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ینگ پروگریسیو فارماسسٹس نے رواں سال دسمبر میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مضبوط اور مستحکم پوزیشن رکھنے کے باوجود ایثار، قربانی اور وسیع تر اجتماعی مفاد کے جذبے کے تحت سابق صدر کو اپنے منصب پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے فارماسسٹس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے باہمی اعتماد، اجتماعی دانش اور مشاورت پر مبنی ماحول کو فروغ دینا تھا، تاکہ کسی بھی فارماسسٹ کی حق تلفی نہ ہو اور ہر فرد کے ذاتی و اجتماعی حقوق کا تحفظ برابری اور انصاف کی بنیاد پر یقینی بنایا جا سکے۔
تاہم، گزشتہ چھ ماہ کے عبوری عرصے کے دوران پی پی اے بلوچستان کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع ہونے والی تصاویر اور متنازع بیانات سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ پروفیشنل پینل اس مدت کو تنظیمی اور اجتماعی مقاصد کے بجائے فردِ واحد کی غیر ضروری تشہیر اور مخصوص گروہی مفادات کے فروغ کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ مزید برآں، ان کے متعدد اقدامات نہ صرف اجتماعی شعور، باہمی مشاورت اور تنظیمی ڈھانچے کے بنیادی اصولوں سے متصادم دکھائی دیتے ہیں بلکہ فارماسسٹ برادری کے وسیع تر مفادات کے بھی منافی محسوس ہوتے ہیں۔
اس طرزِ عمل کے نتیجے میں فارماسسٹس کو درپیش کئی اہم، حساس اور دیرینہ مسائل پسِ پشت چلے گئے ہیں، جبکہ کمیونٹی میں اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ ملنے کے بجائے تقسیم، بداعتمادی اور انتشار میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف تشویش ناک ہے بلکہ فارماسسٹ برادری کے روشن اور متحد مستقبل کے لیے کسی طور نیک شگون قرار نہیں دی جا سکتی۔
تفصیلی مشاورت کے بعد تمام شرکائے اجلاس نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ موجودہ حالات میں پی پی اے بلوچستان کے انتخابات کا انعقاد ضروری ہو چکا ہے۔ چنانچہ مورخہ 21 جون 2026 سے پروفیشنل پینل کے ساتھ قائم اتحاد کو باضابطہ طور پر ختم کرتے ہوئے۔فارماسٹس برادری بلوچستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی مشورے کے بعد الیکشن کنوینیر اور انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا جائے گا، جو ایک جمہوری، آئینی اور تنظیمی عمل ہے۔
شکریہ
ینگ پروگریسیو فارماسسٹس بلوچستان